طاقتور مافیا اسلام کا راستہ روکنے کی سازش کررہی ہے،معراج الہدی صدیقی

250
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر معراج الہدیٰ صدیق،ممتاز حسین سہتو،و دیگر امرکز الاسلامی شہداد پور میں تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) ملک سے ظلم اور جبر کا نظام ختم ہوکر رہے گا۔، ظلم وجبر اور ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نائب امراء جماعت اسلامی سندھ نظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو ، جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے محمد رفیق منصوری ،چیئرمین سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ عبدالعزیز غوری ایڈووکیٹ نے جماعتِ اسلامی ضلع سانگھڑ کے زیرِ اہتمام مرکز جماعت اسلامی شہدادپور فاروقی مسجد میں ہونے والی ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امتِ مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے ، کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آنے والی اس مملکتِ خداداد میں ایک طاقتور مافیا اسلام کا راستہ روکنے کی سازش کررہی ہے۔ ایک منصوبے کے تحت نااہل اور کرپٹ لوگوں کو کلیدی عہدوں پر بٹھایا جاتا ہے اور ان کی سرپرستی کی جاتی ہےلیکن جماعتِ اسلامی جو نظریہ پاکستان کی محافظ ہے اور پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے ایک دن ضرور اپنے مقصدمیں کامیابی حاصل کرے گی اور ملک سے ظلم اور جبر کا خاتمہ اور عدل اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا وعدہ ہے کہ تم ہی غالب رہو گے اگر تم مومن ہو ،رہنمائوں نے کارکنان کو اللہ پاک سے تعلق کو مضبوط کرنے اور دعوت الی اللہ کی جدوجہد تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پرمعروف ماہر تعلیم مجاہد بلوچ ، عبدالعزیز غوری، عبدالغفور انصاری، محمد طفیل، حماد اللہ مجاہد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔