عمران نیازی نے طبل جنگ بجا دیا ہے، حافظ حسین

188

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرکے عمران نیازی نے نیب کے ذریعہ طبل جنگ بجا دیا ہے،شہباز شریف کی گرفتاری سے پی ڈی ایم کا اتحادمزید مضبوط اور متحد ہوگا، اپوزیشن کے خلاف عمران نیازی نیب کا ہتھیار استعمال کررہے ہیں کیوں کہ نیازی ہتھیار اٹھانے نہیں بلکہ ہتھیار ڈالنے کا تجربہ رکھتے ہیں، نیب کو بظاہر احتسابی ادارہ کہا جاتا ہے لیکن حقیقت میں اپوزیشن کے لیےانتقامی ادارہ بن چکا ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز کی گرفتاری پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ نیب کو دو چیزوں کی بڑی مہارت ہے ایک اپوزیشن رہنماں کے خلاف میڈیا ٹرائل اور دوسری ان کی گرفتاری جوکہ نیب آج تک کسی الزام کو عدالت میں ثابت کرسکا، انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکمرانوں اور ان کی کابینہ میں سلیکٹرز کے شامل کردہ کرپٹ عناصر کی بدعنوانیاں اور کارنامے نیب کو اس لیے نظر آرہے کہ اس حوالے سے نیب اندھا بھی ہے اور بہرا بھی ہے۔