عبد اللہ عبداللہ کی پاکستان میں ملاقاتیں،شرپسندوں پر نظر رکھنا ہوگی،شاہ محمود

352
اسلام آباد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور افغان رہنما عبداللہ عبداللہ کہنی سے کہنی ملارہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی ۔جس میں افغان امن عمل اور پاک افغان تعلقات بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔پیر کو نور خان ائر بیس اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق سمیت دیگر حکام نے عبداللہ عبداللہ کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عبداللہ عبداللہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا جہاں افغان رہنما نے لان میں پودا بھی لگایا۔ افغان وفد سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ افغانستان میں امن کی کوششوں کے ساتھ شرپسندوں پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو اس خطے میں امن و استحکام کو شرمندہ تعبیر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمے داری کو نبھاتے ہوئے افغان امن عمل میں خلوص نیت سے مصالحانہ کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے جس سے افغانستان میں دیرپا قیام امن کے لیے امید کی شمع روشن ہوئی۔شاہ محمودنے کہا کہ افغانستان میں قیام امن، خطے کی تعمیر و ترقیکے لیے ناگزیر ہے،افغانستان کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا،پاکستان دہائیوں سے مقیم لاکھوں افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی کا خواہاں ہے۔چیئرمین افغان اعلیٰ سطحی مفاہمتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور عوام امن مذاکرات کے دوران پاکستان کے بھرپور تعاون کے ممنون ہیں۔