اسکول وینز اور بسوں میں سی این جی کے استعمال کیخلاف مہم کا آغاز

244

کراچی (نمائندہ جسارت)ٹریفک پولیس نے اسکول وینز اور بسوں میں سی این جی اور ایل پی جی کے استعمال کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق کمرشل گاڑیوں خصوصاً طلبہ و طالبات کو اسکول اور کالج لے جانے والی وینوں اور بسوں میں سی این جی یا ایل پی جی کا استعمال ممنوع ہے۔ گزشتہ روز شہر بھر میں ایسی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جس کے دوران متعدد گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق ضبط شدہ گاڑیوں کوگورنر ہائوس کے قریب وائی ایم سی اے گرائونڈ میں رکھا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں عدالتی احکامات بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔ اسکول وینز، مسافر بسوں اور کنٹریکٹ گاڑیوں میں سی این جی یا ایل پی جی سلنڈر لگانا غیر قانونی ہے، ایسی تمام گاڑیوں سے سلنڈر نکالے جا رہے ہیں اور گاڑیوں کے چالان کرنے کے ساتھ ان کے ڈرائیورزپر بھاری جرمانے بھی کیے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف اس اچانک مہم کی وجہ سے بچوں کو گھر واپس جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل سپر ہائی وے پر وین کو حادثے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں26 مسافروں میں سے18 مسافر زندہ جل کر ہلاک ہوچکے ہیں۔