کے ڈی اے ملازمین کے واجبا ت کی ادائیگی کردی جائینگی‘ناصر حسین شاہ

159

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیر بلدیات واطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کے ڈی اے ملازمین کے تمام واجبات کی یکمشت ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے خصوصی پیکج کے اجرا کے لیے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کیے جائیں گے، ملازمین کی تنخواہ و پینشنروں کو بلا تعطل ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوک سینٹر میں گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرارکان صوبائی اسمبلی و گورننگ باڈی کے ڈی اے راجا عبد الرزاق ،شمیم ممتاز،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نجم احمد شاہ،اور ڈی جی کے ڈی اے آصف اکرم کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر بلدیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں سے گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت اور ریلیف کے لیے کے ڈی اے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،تمام افسران لوگوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔کے ڈی اے کے دفاتر آنے والے کسی بھی شہری کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے اور نہ ہی غیر ضروری طور پر انہیں دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کیا جائے۔