ٹنڈو آدم،نشے میں دھت دو افراد کا خواتین پر تشدد ،پولیس کا کارروائی سے گریز

215

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم میں دو افراد شراب کے نشے میں گھر میں داخل، خواتین سے چھیڑ چھاڑ، مزاحمت پر خواتین پر تشدد، پولیس کا کارروائی سے گریز، متاثرین کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ۔ ٹنڈو آدم بھٹائی نگر میں مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دو افراد نے گلبہار خاصخیلی کے گھر میں داخل ہو کر اہلیہ جمیلہ سے مبینہ چھیڑ چھاڑ کی، مزاحمت پر نشے میں مبتلا دو ملزمان نے جمیلہ، حسنہ سمیت گھر میں موجود دیگر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا، گھر کے افراد و علاقہ مکینوں کے پہنچنے پر ملزمان فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں پولیس کی جانب سے عملی کارروائی نہ ہونے کے سبب متاثرہ خواتین و علاقہ مکینوں نے گلہبار خاصخیلی، والد علی گل کی سربراہی میں پریس کلب کے سامنے روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ اس سلسلے میں گلبہار خاصخیلی نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ دو نوجوان ممتاز چانڈیو، غوث بخش چانڈیو نے شراب کے نشے میں گھر میں داخل ہو کر خواتین سے چھیڑ چھاڑ کی جبکہ مزاحمت پر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس سلسلے میں بی سیکشن پولیس کو واقع کے متعلق آگاہ کرکے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جبکہ پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی عملی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ مظاہرین نے حکام بالا سے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹنڈو آدم میں گھریلو پریشانی سے تنگ خاتون نے خودکشی کرلی، لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل۔ ٹنڈو آدم محلہ الہٰیار گوٹھ نزد کہری پاڑہ کے قریب بائیس سالہ شریمتی چندہ زوجہ پرکاش میگھواڑ نے گھریلو مسائل سے تنگ آکر گھر کے بیت الخلاء میں گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ متوفی کے سسر کے مطابق دماغی توازن درست نہ ہونے کے سبب ایسا اقدام اٹھایا۔ علاوہ ازیں پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کردی۔