بارش متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، نور اللہ قریشی

363

بدین (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نوراللہ قریشی نے کہا ہے کہ قوم کی امیدیں صرف بلاول زرداری اور پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں، بارش متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نور اللہ قریشی نے ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین قبول محمد کھٹیان کے ہمراہ بدین کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پرمتاثرین اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بارش متاثرہ عوام کی ہر ممکن مدد اور راشن کی فراہمی کے علاوہ بحالی کے لیے اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مسائل، مشکلات، بھوک، بے روزگاری، غربت، بدامنی، مہنگائی کا شکار ہے اور ہر مشکل وقت اور حالات میں پیپلز پارٹی نے ہی مشکل حالات اور بحران کا مقابلہ کیا اور ملک و قوم کو بحرانوں سے باہر نکالا، اب بھی موجودہ نازک حالات میں عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی اور بلاول زرداری سے وابستہ ہیں۔ عوام کو بہت جلد عوام دشمن جمہوریت مخالف حکمرانوں سے نجات کی خوشخبری ملے گی، ایک بار پھر بلاول زرداری کی قیادت میں ملک پر حقیقی جمہوری عوامی راج ہوگا۔