وفاقی حکومت نااہلوں کا ٹولہ ہے، بہتری کی امید نہیں، عاجز دھامرہ

200

بدین (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ سندھ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاق کے ہر اقدام کو خوش آمدید کرتے ہیں مگر کوئی سندھ کو کالونی سمجھ کر خیرت دے گا تو قبول نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرہ نے بدین ضلع کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد رکن صوبائی اسمبلی حنا دستگیر اور پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی سائیں بخش جمالی، پی پی پیپلز یوتھ کے ضلعی صدر خان صاحب جمالی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اگر این ایف سی ایوارڈ کا حصہ دے دیتا تو سندھ کو وفاق کے کسی پیکیج کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گیارہ سو ارب کا جو اعلان کیا ہے اگر اس میں سرکل ریلوے پروجیکٹ سی پیک کے پانچ ارب روپے بھی ہیں تو باقی کیا بچا۔ اس سے قبل بھی وفاق نہیں کراچی کے لیے ایک سو باسٹھ ارب روپے کا اعلان کیا تھا جس پر عمل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نااہلوں کا ٹولہ ہے، جس سے بہتری کی امید نہیں رکھی جاسکتی۔ عاجز دھامرہ نے کہا کہ اس سال سندھ بھر میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے، کراچی میں بھی ریکارڈ ٹوٹا ہے، حکومتی بہتر حکمت عملی اور سندھ حکومت کی برق رفتاری کی وجہ سے شہری اور دیہی علاقوں سے پانی کی کافی حد تک نکاسی ہوچکی ہے۔ کراچی شہر کا ساٹھ فی صد وفاقی اداروں، کنٹونمنٹ، ڈی ایچ اے، کے پی ٹی، سول ایوی ایشن کے زیر اختیار ہیں، باقی بیس فی صد بلدیہ اور بیس فی صد سندھ حکومت کے زیر اختیار ہیں۔ کراچی کے ٹیکس اور وسائل کے سب مالک بن جاتے ہیں جب کوئی مشکل یا آفت آتی ہے تو ساری ذمے داری سندھ حکومت پر ڈال دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری خود بارش متاثرین کی امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔