متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے کی امداد تقسیم کی جاچکی، خیر محمد تنیو

277

پنگریو (نمائندہ جسارت) ضلع بدین کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے فلاحی سرگرمیاں تیز کردی گئیں اور متاثرین کو راشن، خیمے، مچھر دانیوں اور دیگر امدادی اشیاکی فراہمی کے ساتھ ساتھ مچھر مار اسپرے اور بیمار متاثرین کو طبی سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے ضلع بدین کی سیلاب متاثرہ یونین کونسلوں میں ریلیف کے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے۔ اس ضمن میں یونین کونسل ملکانی، سمن سرکار، اولیاء جرکس، پیر بودلو، اولیاء خان شاہ، خیرپور گمبو، خلیفو قاسم، ٹنڈو باگو اور گولارچی میں سیلاب متاثرین کے مصائب کو دیکھتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے سیکڑوں متاثرین کو امدادی اشیاء فراہم کی گئیں۔ الخدمت ٹیم نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے سربراہ خیر محمد تنیو، ضلع بدین کے سرپرست اعلیٰ غلام رسول احمدانی، ضلعی صدر عبداللطیف کھوسو، سینئر نائب صدر عبدالکریم بلیدی نے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ، سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالقدوس احمدانی کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران درجنوں مقامات پر سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ الخدمت کی جانب سے بھوک و افلاس کا شکار ہونے کے باعث فوت ہونے والے پنگریو کے ہندو نوجوان پنوں کولہی کے ورثاء کی مالی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ راشن بھی دیا گیا جبکہ ساحلی یونین کونسل اولیاء جرکس کے متاثرین کو جنہیں اس سے قبل کسی بھی فلاحی تنظیم یا انتظامیہ کی جانب سے امدادی اشیاء نہیں دی گئی تھیں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ الخدمت ٹیم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بدین سمیت سندھ بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے مالیت کی امدادی اشیاء تقسیم کی جاچکی ہیں جبکہ جھڈو اور دیگر مقامات پر خیمہ بستیاں بھی قائم کی گئی ہیں، جہاں پر متاثرین کو رہائش، کھانے اور میڈیکل کی بہترین سہولتیں دی جارہی ہیں۔