حیدرآباد حیسکو کا بجلی چورمافیا کیخلا ف کارروائی کا فیصلہ

85

حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر) حیسکو چیف محمد یعقوب کا بجلی چور مافیا اور ٹرانسفارمروں کی مرمت یا تبدیلی کے لیے پیسے لینے والے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لینے اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عندیہ، عوام اس حوالے سے مصدقہ اطلاعات دیں تو ان عناصر کا خاتمہ کیا جاسکے۔ حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد یعقوب نے کہا ہے کہ حیسکو ریجن کے تمام آپریشن سب ڈویژن کے علاقوں میں خراب یا جلنے والے ٹرانسفارمروں کی تبدیلی کا کام حیسکو انتظامیہ خود اپنی طرف سے کررہی ہے اور کسی بھی صارف یا عوام سے حیسکو انتظامیہ ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے پیسے نہیں لیتی۔ ماسوائے اس صارف کے جس کا اپنا الگ سے ٹرانسفارمر ہے وہ خود ٹرانسفارمر کی مرمت یا تبدیلی کی رقم ادا کرے گا اور حیسکو انتظامیہ اس کو تکنیکی سہولت اسٹاف کی دیتا ہے۔ بجلی چور مافیا کے چند عناصر حیسکو کو بدنام کرنے کے لیے ابھی بھی عوام سے ٹرانسفارمر کی مرمت یا تبدیلی کے لیے چندے کے نام پر پیسے لے کر ان کو لوٹ رہے ہیں، اب ان عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے حیسکو چیف محمد یعقوب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی علاقے میں پرائیویٹ کوئی بندہ یا حیسکو کا عملہ ٹرانسفارمر کی مرمت یا تبدیلی کے لیے پیسے مانگے تو ان کو پیسے ہرگز نہ دیں بلکہ ہمیں فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ ان کالی بھیڑوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ حیسکو چیف محمد یعقوب نے یہ بھی ہدایات دی ہیں کہ اگر اس حرکت میں حیسکو کا کوئی بھی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف قانون کے مطابق ایکشن لیتے ہوئے اس کو نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔ ٹراسفارمر کی خرابی کی صورت میں حیسکو انتظامیہ کی جانب سے حیسکو کا عملہ خود ہی اس کو تبدیل کرتا ہے اور عوام کسی بھی شخص کو اس مد میں پیسے نہ دے اور جو بھی پیسے دینے یا لینے میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف حیسکو قانونی کارروائی کرے گا۔ حیسکو کو بدنام کرنے والے پرائیویٹ عناصر یا حیسکو کا عملہ اگر اس حرکت میں ملوث پایا گیا تو سخت سزا ان کا مقدر ہوگی۔