شکارپور ، تاریخی اسپتال سر ہنری ہالینڈ پر قبضے کیخلاف سیاسی جماعتوں کا احتجاج

229

 

شکارپور (نمائندہ جسارت) سرہینری ہالینڈ آئی اسپتال پر قبضے کیخلاف مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں، جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، پیپلز فاؤنڈیشن، سول سوسائٹی اور شہریوں کی طرف سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی رستم چوک سے لکھیدر گھنٹہ گھر چوک تک نکالی گئی۔ ریلی میں سیاسی، سماجی تنظیموں کے کارکنان اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر اسپتال پر قبضے کیخلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے قبضہ مافیا کیخلاف سخت نعرے بازی کی اور اسپتال پر قبضہ نا منظور کے نعرے لگائے۔ بااثر شخص کی جانب سے تاریخی اسپتال سرہینری ہالینڈ آئی اسپتال کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے۔ اسپتال کی زمین ٹرسٹ کی ملکیت ہے، قبضہ مافیہ کی جانب سے زمین پر غیر قانونی تعمیرات کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹرسٹ کی سرزمین پر کسی کو قبضے اور تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نوٹس لے کر تاریخی اسپتال کی زمین پر قبضے کو روکے اور قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کرکے اسپتال کو دوبارہ فعال کیا جائے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل مشہور سرمایہ کار مظفر عیسانی کی جانب سے اسپتال کی زمین پر تعمیرات کا کام شروع کروایا تھا، جس کو انتظامیہ نے بند کروا کر 5 افراد کو گرفتار کروایا تھا۔ سرمایہ کار مظفر عیسانی نے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ زمین ٹرسٹ کی زمین نہیں ہے۔