میرپور خاص، ثانوی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا

305

 

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے چیئرمین، پروفیسر برکت علی حیدری کے ایک اعلامیے کے مطابق، ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے دسویں جماعت کے (سائنس اور جنرل گروپس) کے سالانہ امتحانات سال برائے 2020ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 99.63 فیصد رہا۔ یہ نتائج تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹwww.bisemirpurkhas.com پر اور ایس ایم ایس سروس BMP اسپیس دے کر رول نمبر لکھنے کے بعد 8583 پر بھیج کر نتائج کو معلوم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات درپیش آئی ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے نتائج کے اجراء کو بروقت یقینی بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال امتحانات ملتوی ہونے کے باعث صرف ان طلبہ و طالبات کو پروموٹ کیا گیا ہے جنہوں نے اپنے سالانہ امتحانی فارم جمع کروائے تھے، ان تمام طلبہ و طالبات کو پروموٹ کر کے ان کے نتائج کو ریلیز بھی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ طلبہ و طالبات جو نہم جماعت 2019ء میں پانچوں پرچوں میں پاس تھے ان کے ٹوٹل حاصل کردہ نمبروں میں 3 فیصد اضافی نمبر دے دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے امیدوار جو ایک یا دو پرچوں میں فیل تھے مگر ان کے نمبر 60 فیصد یا اس سے زیادہ تھے ان کو فیل شدہ پرچوں میں ایورج مارکس دیے گئے ہیں جبکہ 60 فیصد سے کم نمبروں والے امیدواروں کو صرف پاسنگ مارکس دے کر انہیں پروموٹ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ و طالبات جنہوں نے اپنے امتحانی فارم نا مکمل جمع کرادیے تھے لیکن وہ اپنا انرولمنٹ، رجسٹریشن اور پرمیشن یا کوئی بھی دستاویزات کسی بھی وجہ سے جمع نہیں کراسکے ہیں ان کے نتائج کو جاری کردیا گیا ہے لیکن ان کو مارک شیٹ حاصل کرنے سے پہلے اپنی تمام درکار دستاویزات بورڈ آفس میں جمع کرانا ہوں گی۔ سائنس گروپ میں 34236 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے۔ اس سال 2020ء میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی تعداد 23846 اور طالبات کی تعداد 10263 ہے، مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 99.63 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 4272 اے ون گریڈ، 9201 اے گریڈ، 11256 بی گریڈ، 6552 سی گریڈ، 2497 ڈی گریڈ، 331 ای گریڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔