جیکب آباد، الخدمت اسپتال اینڈ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کا افتتاح

167

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی جیکب آباد کی جانب سے منعقدہ تقریب جس میں الخدمت فائونڈیشن سندھ کے تعاون سے اولڈ شکارپور ناکہ کوئٹہ روڈ پر الخدمت اسپتال اینڈ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کا افتتاح ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت سندھ خیر محمد تنیو نے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیر محمد تنیو نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی منظم فلاحی اور رفاہی تنظیم ہے، جس کا مقصد ملک کے طول و عرض میں انسانیت کی بغیر کسی رنگ و نسل اور مذہب کے خدمت کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع جیکب آباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں اسپتال اور ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کے قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں پر عوام کو معیاری اور سستا علاج اور ٹیسٹنگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد دیدار علی لاشاری، امیر شہر ہدایت اللہ رند، ابوبکر سومرو، ضلعی صدر الخدمت غلام حیدر، ذمے داران جماعت کے علاوہ اچھی خاصی تعداد کارکنان اور عام افراد بھی شریک تھے۔