کے ایم سی اسپورٹس کمپلیس کشمیر روڈ ہاکی اسٹیڈیم 3 ماہ میں مکمل ہوگا،افتخار علی شالوانی

261

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں عالمی سطح کا ہاکی اسٹیڈیم آئندہ 3 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا جس میں 3 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، کے ایم سی ملازمین پر مشتمل کرکٹ اور فٹ بال کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی،کراچی میں بہت جلد میراتھن، سوئمنگ چیمپئن شپ اور ٹینس کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس محمد کنور ایوب اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر افتخار علی شالوانی نے کہا کہ کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں تقریباً ختم ہوکر رہ گئی ہیں اور کھیلوں کے میدان سنسان ہوگئے ہیں، اسپورٹس کمپلیکس میں نوجوان کھیلتے نظر نہیں آتے جس کی وجہ سے کراچی میں مختلف کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑی پیدا نہیں ہورہے جبکہ ماضی میں کراچی سے عالمی سطح کے کرکٹرز، فٹ بالرز، اسکواش، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن کے کھلاڑی اور سوئمنگ چیمپئنز پیدا ہوئے اور انہوں نے دنیا میں پاکستان سمیت کراچی کو نہ صرف روشناس کرایا بلکہ اپنے شہر کو بے شمار اعزازات بھی دلوائے، انہوں نے کہا کہ کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں عالمی سطح کے ہاکی اور فٹ بال اسٹیڈیم کا 80 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے اور یہ اسٹیڈیم اپنی تکمیل کے بعد شہر کا خوبصورت ترین اسٹیڈیم ہوگا جہاں شہری دلچسپ ہاکی مقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے، کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں موجود سوئمنگ پول اور دیگر کھیلوں کے کورٹس بچوں،نوجوانوں اور خواتین کے لیے نعمت خدا وندی سے کم نہیں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کھیل ذہنی و جسمانی صحت کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور جو قومیں کھیلوں کو اپنی زندگی میں شامل رکھتی ہیں وہ ناموری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی طور پر ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوتی ہیں اور ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرتی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ دنیا میں فٹ بال کے کھیل کو زبردست مقبولیت حاصل ہے اور اربوں ڈالرز اس کھیل کے ذریعے کمائے جاتے ہیں مگر پاکستان میں اس کھیل کو ابھی تک ویسی اہمیت حاصل نہیں ہوئی جس کا یہ مستحق ہے لہٰذا اس کھیل پر بھرپور توجہ دی جانی چاہئے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی ملازمین پر مشتمل کرکٹ اور فٹ بال کی ٹیمیں جلد ہی دوبارہ گراؤنڈز میں ایکشن میں نظر آئیں گی، انہوں نے ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس کو ہدایت کی ہے کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا ماحول ایسا بنائیں کہ شہری اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ اپنے شہر میں موجود اس بہترین سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مثبت و صحت بخش سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔