سینٹرل کنٹریکٹ پالیسی کے عین مطابق ہے، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس

130

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ معیار اور کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں اور ڈومیسٹک سیزن 21-2020کے اعلان کردہ کنٹریکٹ بھی اسی کی ایک مثال ہیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ندیم خان نے کہا کہ ہم نے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک مقررہ وظیفے کے بجائے اس مرتبہ مختلف کٹیگریز پر مشتمل ایک ڈھانچہ متعارف کروایا ہے جو کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے،تجربہ کاراور نئے آنے والے کرکٹرز کی تنخواہوں میں فرق واضح کرتا ہے اور یہ سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق ہماری پالیسی کے بھی عین مطابق ہے۔صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہویے ان کا مزیدکہنا تھا کہ کنٹریکٹ کے اس نئے ڈھانچے سے ہم مختلف ایج گروپ کرکٹ کھیلنے والے اپنے کھلاڑیوں کے مستقبل کو محفوظ بنارہے ہیں، جنہیں ماضی میں نظر انداز کردیا جاتا تھا۔