فنڈز نہ ہونے کے باعث 4 بڑے ہاکی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے، عماد بٹ

305

حافظ آباد(جسارت نیوز )قومی ہاکی ٹیم کے نائب کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث قومی ٹیم4 بڑے ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکی، فنڈز اور سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث قومی ٹیم ورلڈ رینکنگ میں 17ویں نمبر پر چلی گئی ۔ وزیر اعظم ہاکی کے فروغ کے لیے فوری فنڈز فراہم کریں۔ آرمی چیف کی طرف سے قومی ٹیم کے لیے فنڈز فراہم کیے گئے جس پر ہم انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔حافظ آباد میں ہاکی میچ سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 4مرتبہ ورلڈ کپ جیت کر ایک ریکارڈ قائم کیا جسے ابھی تک کوئی بھی نہیں توڑ سکا لیکن افسوس کہ دُنیا کی نمبر ایک ٹیم اب 17ویں نمبر پر ہے جس کی بڑی وجہ قومی ٹیم کے لیے فنڈز کی عدم دستیابی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان خود بھی کھلاڑی رہے ہیں اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کا ویژن رکھتے ہیں۔ ان سے گزارش ہے کہ ہاکی کے فروغ کے لیے فوری فنڈز فراہم کریں تاکہ کھلاڑی اپنی محنت جاری رکھتے ہوئے دُنیائے ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام واپس لا سکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک میں ہاکی کے فروغ اور ٹیم کی ورلڈ رینکنگ میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ ہم کم بیک کرتے ہوئے بہت جلد دُنیا کی ٹاپ 10 ٹیموں میں شامل ہو جائیں گے،قومی ٹیم میں اس وقت نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں ،ہماری کوشش ہو گی کہ ہم قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے پاکستانی ہاکی کا کھویا ہویا مقام دوبارہ سے حاصل کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول میں بہتری لانا ہو گی۔ اسکول ، کالج اور کلب کی سطح پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے کر اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہو گا تاکہ وہ پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔