پی سی بی نے ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی کیٹگریز کا اعلان کردیا

672

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے 192 کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ برائے 21-2020 کی کٹیگریز کا اعلان کردیا۔ان کنٹریکٹ کی کٹیگریز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب شفاف انداز سے کیا گیا، جس میں کارکردگی اور مستقبل کی سوچ کو اہمیت دی گئی ہے۔ان 192 کھلاڑیوں میں سے 10 کرکٹرز کو اے پلس کٹیگری سے نوازا گیا ہے جس میں یا تو ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی شامل ہیں یا پھر وہ کھلاڑی جو قومی اسکواڈ کا حصہ تو ہیں مگر ان کے پاس پی سی بی کا سینٹرل یا ایمرجنگ کنٹریکٹ نہیں ہے۔اے پلس کٹیگری کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے والے مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ سینٹرل کھلاڑیوں کو اے پلس کٹیگری کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،دراصل یہ ان تمام کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں انتھک محنت کا صلہ ہے جس کی بدولت ان میں سے کسی نے ڈومیسٹک کرکٹ تو کسی نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بنائی۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ کچھ کھلاڑیوں کے لیے یہ مشکل وقت ہوگا مگر سمجھنا چاہیے کہ ہم اس کٹیگری کے لیے صرف 10 کھلاڑی ہی منتخب کرسکتے ہیں، میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہر کھلاڑی کو یقین دلاتا ہوں کہ قومی اسکواڈ کے لیے اس کی دستیابی برقرار رہے گی اورآئندہ سال اس کنٹریکٹ کی کٹیگری میں اضافہ اس کی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں کارکردگی پر منحصر ہے۔مصباح الحق نے مزید کہا کہ مختلف کٹیگریز پر مشتمل یہ کنٹریکٹ ہماری اس حکمت عملی کا نتیجہ ہے جس کے تحت ہم پاکستان کی کرکٹ کوسخت، مقابلے سے بھرپور اور کارکردگی پر مبنی بنانا چاہتے ہیں، یقین ہے کہ اس سے کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ بڑھے گا جس کا فائدہ پاکستان کی کرکٹ کو ہوگا۔اعلان کردہ کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں کُل 38 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
، جن میں گزشتہ ڈومیسٹک سیزن میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دس بہترین کرکٹرز،ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کرکٹرز شامل ہیں۔بی کٹیگری کُل 47 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ (فرسٹ الیون) کے گزشتہ ایڈیشن کے دس بہترین کرکٹرز اور وہ کھلاڑی شامل ہیں ۔
جو ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔اس کٹیگری میں پاکستان شاہین اور ایمرجنگ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت گزشتہ سال فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتر کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔کٹیگری سی مجموعی طور پر 71 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جس میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن 2019 یا 2020 کاحصہ رہنے والے کرکٹرز، قائداعظم ٹرافی (فرسٹ اور سیکنڈ الیون) میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی، پاکستان کپ 19-2018 کے 10 ٹاپ پرفارمرز، پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو 19-2018کے بہترین بیٹسمین /باؤلر اور ایج گروپ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی شامل ہیں۔6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں باقی رہ جانے والے 26 کھلاڑیوں کو کٹیگری ڈی میں جگہ دی گئی ہے۔