حکومت نے انتخابی دھاندلی کا فیصلہ کرلیا، مریم اورنگزیب

170

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے شہباز شریف کو گرفتار کئے جانے سے یہ خدشات درست ثابت ہوگئے ہیں کہ حکومت نے گلگت بلتستان سمیت پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ گزشتہ روز شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کو مفلوج کرنا ہے جو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے خلاف حکومتی سازش ہے جبکہ وفاقی مشیر داخلہ شہزاد اکبر شہباز شریف کی گرفتاری کا پہلے ہی عندیہ دے چکے تھے ان تمام تر حالات کے باوجود متحدہ اپوزیشن حکومت مخالف تحریک کی قیادت کرے گی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم نے جج ارشد ملک کی ویڈیو ریلیز ہونے کے بعد عدالت کے فیصلے کو تسلیم کیا اور آج بھی عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ڈرنے والی نہیں جھوٹے الزامات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے اور آج کے فیصلے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔