حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے عملے کے اعزاز میں ظہرانہ

270

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا کہ چیمبر کی کارکردگی میں سیکریٹریٹ کا کام اور صلاحیت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ اعلیٰ کارکردگی کے حامل سیکرٹری جنرل اور دیگر عملہ اپنی کارکردگی سے چیمبر کی کارکردگی کو چار چاند لگا دیتا ہے۔ وہ چیمبر سیکریٹریٹ میں عملے کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانہ سے
خطاب کررہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کے دور میں کورونا کی وجہ سے 5 ماہ بہت کٹھن تھے جس میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی وجہ سے بہت سے کام ادھورے رہ گئے لیکن اِس دوران سیکریٹریٹ نے اپنی کارکردگی میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور مختلف محکموں کو بجلی، گیس، صحت و صفائی اور پانی کی فراہمی کے حوالے سے بروقت خطوط تحریر کیے گئے اور پریس ریلیز جاری کرنے کا سلسلہ پوری تندہی سے جاری رکھا گیا۔ کورونا کے دوران بھی تمام عملہ جن میں سیکرٹری جنرل عبدالوحید، کمپیوٹر آپریٹر فہد حسین، اکائونٹنٹ محمد راحیل اور دفتری دیگر اسٹاف نے باقاعدگی سے اپنے فرائض سر انجام دیے جن پر وہ اُن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اُن کے بغیر کووڈ 19- کے دوران بحسن و خوبی کام جاری رکھنا ممکن نہ تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کووڈ 19- کے دوران ہی نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر مختلف آن لائن ایکسپو اور پہلی بار بجٹ سیشن کی کوریج میں چیمبر سیکریٹریٹ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جس کی بناء پر چیمبر کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں کامیابی ہوئی اور ہمارا چیمبر یورپین سطح پر اُن کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ اِس موقع پر سینئر نائب صدر معیز عباس اور نائب صدر محمد یاسین خلجی بھی موجود تھے۔