شہبازشریف کی گرفتاری اہم پیش رفت ہے، فواد چودھری

199

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے شہبازشریف کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری اہم پیشرفت ہے،گرفتاری پیسے باہر بھیجنے والے دوسروں لوگوں کے لیے بھی پیغام ہے ۔ پیر کو اپنے وڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری خوش آئند اوراس طرف سنگ میل ہے جو پی ٹی آئی نے پاکستان کے عوام سے احتساب کاوعدہ کیاتھا کہ ہم باہر بینکوں میں پڑا پاکستان کا پیسہ واپس لائیں گے۔یہ کیس گزشتہ تقریباً ایک سال سے چل رہا تھا اور اس پر بڑی محنت اور تحقیقات بہت اچھی ہوئی ہیں ۔ فواد چودھری نے کہا شہباز شریف اور انکی فیملی کیخلاف 41 والیم پر مبنی شواہد ہیں کہ کس طرح پیسہ باہر بھیجا گیا اور کس طر ح یہ دوبارہ پیسہ واپس آیا ، گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ احتساب کے تمام اداروں میں مسلم لیگ ن کے دور میں افراد لگائے گئے اور مسلم لیگ ن کے دور میں بنائے گئے قوانین ہیں۔ انہوں نے کہ پی ٹی آئی نے قوم سے جو وعدے کئے تھے اس کے تحت احتساب کا عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عوام کاپیسہ واپس نہیں لایا جاتا۔