جنوبی وزیرستا ن میں دہشتگردوں سے مقابلے میں کیپٹن شہید

254

روالپنڈی(خبر ایجنسیاں ) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے شکائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے علاقے میں رات کے اوقات میں گشت کا آغاز کیا تھا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب گشت کے دوران دہشت گردوں اور گشت پارٹی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن عبداللہ ظفر نے جام شہادت نوش کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے کا کلیئرنس آپریشن کے لیے محاصرہ کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 13 ستمبر کو سیکورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ سنڑے اور دیگر 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ کو دیگر 3 دہشت گردوں کے ساتھ شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب شکتو کے علاقے گھاریوم میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ احسان سنڑے دہشت گردی کے کئی واقعات کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ 7 ستمبر کو شمالی وزیر ستان کے علاقہ میر علی میں سیکورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں مطلوب دہشت گرد وسیم زکریا سمیت 5 دہشت گرد ہلاک اور 10 کو گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کمانڈر وسیم کا تعلق میر علی کے علاقے حیدر خیل سے تھا اور مطلوب دہشت گرد وسیم 2019 سے اب تک دہشت گردی کی 30 مختلف کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔