رواں برس جی 20 سربراہ اجلاس آن لائن کرانے کا اعلان

262

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا کی 20 مضبوط ترین معیشتوں کا سربراہ اجلاس رواں برس نومبر میں ہو گا جس کی میزبانی سعودی عرب کرے گا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی حکومت نے اس سلسلے میں تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی 20 سربراہ اجلاس رواں برس 21 اور 22 نومبر کو دارالحکومت ریاض میں ہوگا، تاہم کورونا کے باعث یہ اجلاس آن لائن ہوگا، جس میں دنیا کی 20 مضبوط معیشتوں کے سربراہ وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے اور اجلاس کی سربراہی سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں گے۔ جی 20 اجلاس کے دوران کورونا وائرس کے باعث ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع اور معیشت کی بحالی پر غور کیا جائے گا۔ جی 20 تنظیم کے رکن ممالک میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، روس، چین، بھارت، سعودی عرب، ترکی، فرانس، جرمنی، اٹلی، جنوبی افریقا، انڈونیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، ارجنٹائن، برازیل اور میکسیکو شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جی 20 نے کورونا کی تشخیص، علاج، ویکسین کی تیاری، تقسیم اور اس تک رسائی کی سہولت کے لیے 21 ارب ڈالر سے بھی زیادہ کا تعاون کیا ہے۔ جی 20 اجلاس کی سربراہی سعودی عرب نے کورونا وائرس سے قبل ہی حاصل کر لی تھی اور اس اجلاس کی میزبانی سے قبل ریاض حکومت نے عالمی سطح پر اپنا تاثر تبدیل کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے تھے۔