امریکی دھمکی کے بعد تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا عراقی اعلان

369

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) بغداد میں سفارت خانے پر مسلسل راکٹ حملوں کے بعد امریکا کی جانب سے عراقی حکومت کو دی گئی دھمکیوں کے نتیجے میں بغداد حکومت نے پارلیمانی سطح پر تحقیقات کے لیے باقاعدہ کمیشن کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا نے عرق کو خبردار کیا تھا کہ اگر بغداد میں سفارت خانے کو راکٹ حملوں سے تحفظ فراہم نہ کیا تو امریکا اپنا سفارت خانہ بند کر دے گا۔، لہٰذا حملوں کی روک تھام کے ساتھ ان واقعات کی تحقیقات بھی کی جائے۔ عراقی حکومت نے امریکی تنبیہ کے بعد پیر کے روز ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو امریکی سفارت خانے اور دیگر امریکی تنصیبات پرحملوں کی تحقیقات کرے گی۔ اس دوران عراق میں سماجی کارکنوں اور سول سوسائٹی کی شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملے کی بھی چھان بین کرکے اس میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے گی۔ اُدھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بغداد میں امریکی سفارت خانے کی بندش روکنے کے لیے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کو مطالبات پیش کر دیے ہیں۔ جس کے لیے انہوں نے مطالبات پر عمل کے لیے مہلت دی ہے۔ دوسری جانب بغداد میں امریکی سفیر میتھیو ٹولر کے اربیل کوچ کر جانے سے متعلق خبروں کی امریکا نے تردید کر دی ہے۔