ثابت ہوگیا احتساب کا نظام سیاسی انتقام پت مبنی ہے ، ترجمان سندھ حکومت

443

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپورپر قانونی تحفظات کے باوجود فرد جرم عاید کی گئی‘اس امر سے یہ ثابت ہوگیا کہ احتساب کا نظام سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس،بیماریوں
اور ڈاکٹرز کی رائے کے باوجود آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوئے‘ آصف علی زرداری نے ماضی میں بہادری کیساتھ جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا اور اب بھی کریںگے‘ وقت ثابت کرے گا کہ وہ بے بنیاد مقدمات سے سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اب پورے ملک میں یہ تاثر ہے کہ کورونا وائرس ختم ہو گیا مگر میں یہ واضح کردوں کہ کورونا وائرس کنٹرول ہوا ہے ختم نہیں ہوا‘ہمیں احتیاط اور ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے‘گزشتہ 2 ہفتے کے دوران سندھ میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ کر2اعشاریہ6فیصد ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حیرت ہوئی کہ وزیراعظم بتارہے ہیں کہ سردیوں میں گیس بحران آنے والا ہے‘حکومتیں عوام کو مسائل کا حل دیتی ہیں نہ کے پریشان کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی اسکینڈل ، ادویات اسکینڈل ، گندم بحران پر نوٹس وزیراعظم نے لیا‘جب بھی وزیراعظم نوٹس لیتے ہیں تباہی آتی ہے‘وزیراعظم سے گزارش ہے کہ نوٹس لینا چھوڑدیں‘ جب وزیراعظم نوٹس لیتے ہیں مافیاز خوش ہوجاتی ہیں‘نوٹس لینے کااثر یہ ہوا کہ چینی کی فی کلو قیمت 55 روپے سے بڑھ کر100 روپے فی کلو ہوگئی ‘ادویات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ۔