حافظ نعیم اور انکی ٹیم کو کامیاب حقوق کراچی مارچ پر مبارکباد

336

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے منعقدہ ’’حقوق کراچی مارچ‘‘کی عظیم الشان کامیابی پر جماعت اسلامی کراچی کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ میں کراچی کے عوام کی بھرپور شرکت نے ایک مرتبہ پھر یہ بات ثابت کردی ہے کہ کراچی آج بھی دینی جماعتوں کا سب سے مضبوط قلعہ ہے، کراچی کواپنا حق دیے بغیر اب کراچی کے عوام
خاموش نہیں رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن کی جرأت مند قیادت میں کراچی کی تقدیر بدلے گی اور لسانیت، جاگیردارانہ سیاست کو دفن کرکے رہیں گے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ حقوق کراچی مارچ میں تاجروں، صنعتکاروں، علما ،خواتین کی بڑی تعداد سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ اب کراچی کو صرف جماعت اسلامی ہی حقوق دلاسکتی ہے، پانی، بجلی،سیوریج، سڑکوں، بااختیار بلدیاتی نظام، درست مردم شماری،کراچی کے نوجوانوں کو ملازمتوں میں اپنا جائز حق دینے سمیت کراچی کے بنیادی مسائل کے لیے جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے جہد مسلسل نے یہ ثابت کیا ہے کہ کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندگی صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے۔