پی آئی اے نے گرائونڈ ہینڈلنگ آپریٹر سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا

180

اسلام آباد (اے پی پی) قومی ائر لائن (پی آئی اے) نے سی اے اے پاکستان سے جی ایچ او سی گرائونڈ ہینڈلنگ آپریٹر سرٹیفکیٹ حاصل کر کے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ قومی ائر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کے شعبہ ٹی جی ایس یا ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ ڈویژن نے سی اے اے پاکستان سے جی ایچ او سی گرائونڈ ہینڈلنگ آپریٹر سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا۔ اس سرٹیفکیشن سے پی آئی اے کو آپریٹر کی حیثیت سے دوسرے
غیر ملکی کیریئر کو بھی اپنی خدمات پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ ائر لائنز ہیڈ آفس میں سی ای او پی آئی اے ، ائر مارشل ارشد ملک کو یہ سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ ارشد ملک نے جنرل منیجر آغا سمیع کی سربراہی میں ٹی جی ایس ٹیم کو اس سلسلے میں مبارکباد پیش کی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی زیر صدارت بغیر ہوا باز طیاروں کے سسٹم کی پالیسی کو حتمی شکل دینے کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبوں سمیت مختلف وزارتوں کے افسران نے شرکت کی۔ جاری اعلامیے کے مطابق اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ فریقین آئندہ 15 روز کے اندر اپنی تجاویز اور خیالات کے تبادلے کا عمل مکمل کر لیں اور آئندہ اجلاس تمام فریقین کے پالیسی پر تبصرے مکمل ہونے پر بلایا جائے گا۔