پولیس مقابلے اور دیگر کارروائیوں میں 23 ملزم دھرلئے گئے

284

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پولیس سے مقابلے اوردیگر کارروائیوںمیں23ملزمان گرفتار جبکہ ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود سپر ہائی وے پر چار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے اطلاع ملنے پر ملزمان کا تعاقب شروع کردیا۔ ایوب گوٹھ لاسی گوٹھ مین روڈ پر ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم معید ولد عبد المجید40سالہ کو زخمی حالت میں اور اس کے دو ساتھیوں محمد یاسین بلیدی اور محمد یاسین جمالی کو پکڑلیا جبکہ ایک ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس نے پکڑے گئے ملزمان کے قبضے سے تین پستول اور دو موٹر سائیکلوں کے علاوہ لوٹا ہوا سامان اور موبائل فونز برآمد کر لیے ،زخمی ملزم کو علاج کے لیے عباسی شہید اسپتال شفٹ کیا گیا تاہم زخمی ملزم اسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق پکڑے گئے اور ہلاک ملزم علاقے میں لوٹ مار میں کی وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کا تعلق رونجھان جمالی بلوچستان سے ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے شہر میں کارروائیوں کے دوران10عادی موٹر سائیکل لفٹرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے5مسروقہ موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا،دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ مسروقہ گاڑیاں بلوچستان لے جاکر فروخت کرنے کے علاوہ گاڑیاں کھول کر ان کے پارٹس کباڑیوں کو فروخت کرتے تھے۔سمن آباد پولیس نے دو منشیات فروشوں دلاور اور منیر بنگالی کو گرفتار کر کے ایک کلو سے زائد منشیات اور رقم برآمد کرلی۔سکھن پولیس نے تین منشیات فروشوں اور ایک گٹکا فروش کو گرفتار کر کے ساڑھے چار کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور موبائل فونز برآمدکر لیے۔ گلشن معمار سے منشیات کی سپلائی میں ملوث ملز م بھگوان داس کو گرفتارکر کے منشیات اور شراب برآمد کرلی۔میمن گوٹھ پولیس نے مطلوب منشیات فروش ملزم مزمل عرف مجو کوساتھی رزاق سمیت گرفتارکر کے منشیات اور موبائل فونز برآمدکرلیا۔