وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب 16نکاتی ایجنڈے پر غورہوگا

107

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج) منگل کو طلب کرلیا ،16نکاتی ایجنڈے پر غورکیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ سیاسی، معاشی اور قومی سلامتی کے معاملات پر غور کرے گی۔ وزیر اعظم
کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پر کابینہ اجلاس میں بات ہوگی۔ وزیراعظم اپوزیشن کے بیانیہ پر حکومتی نکتہ نظر کابینہ میں رکھیں گے۔وفاقی کابینہ16 نکاتی اہم ایجنڈے پر غور کرے گی، کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23ستمبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے 24ستمبر کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی کابینہ کو افغانستان کے لیے ویزا پالیسی میں تبدیلی پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ پاکستان ریلوے کی بحالی اور تنظیم نو کا پلان کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔