امریکی خاتون کیس میں پراسیکیوٹرجنرل کو نوٹس جاری

117

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ میں امریکی شہری سنتھیا رچی کیس میں رحمن ملک کی درخواست پر سماعت، عدالت عظمیٰ نے پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد اور
ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے کی سماعت آئندہ بدھ تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔ معاملے کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت رحمن ملک کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیے کہ ہائیکورٹ کی جانب سے معاملے کی تفتیش کے بعد ایف آئی آر درج کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے،سنتھیا رچی نے اچانک سابق وزیر اعظم وزیر داخلہ اور وزیر صحت پر 10سال پرانے زمانے کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ اگر اس طرح محض الزامات پر ایف آئی آر درج کر دی جائے تو کسی کی عزت محفوظ نہیں رہے گی۔جسٹس قاضی امین نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ ایک خاتون کسی پر الزامات لگائے خواہ وہ غلط ہی کیوں نہ ہوں تو اسے کس قانون کے تحت روکا جا سکتا ہے؟۔ لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ جسٹس فار پیس اور مجسٹریٹ سنتھیا رچی کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔