گاڑی ضبطگی کیس: فلسطینی سفیر کیخلاف کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع

262

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبطگی کے کسٹم کلکٹر کے اقدام کے خلاف کیس میں فلسطینی سفیر کے خلاف کارروائی سے روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے کسٹم کلکٹر کو وزارت خارجہ کی ایڈوائس کے مطابق کیس دیکھنے کی ہدایت کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے دفترخارجہ افسرکو ہدایت کی کہ آپ جیسے ان کو ایڈوائس کریں گے یہ اسی طرح اس کو آگے چلائیں گے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کسٹم حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ کیا یہ کیس کسی ینگ آفیسر نے بنایا؟ یوتھ میں
انرجی زیادہ ہوتی ہے لیکن بہت سی چیزیں دیکھنا پڑتی ہیں،عدالتیں خارجہ امور میں اس لیے نہیں پڑتیں کیونکہ اس کے بہت اثرات ہوتے ہیں،کسٹم حکام کے لیے بہتر طریقہ یہ تھا کہ وہ دفتر خارجہ سے پہلے رجوع کرتے،جس طرح دفتر خارجہ کہتا پھر آپ اسی طرح اس کو آگے لیکر چلتے،یہ عام کیس نہیں عدالت جس طرح خود کو خارجہ امور میں پڑنے سے روکتی ہے اس طرح آپ کو دیکھنا چاہیے تھا،یہ پرائیویٹ معاملہ نہیں ہے اس لیے آپ کو کچھ معاملات میں خود کو روکنا چاہیے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔