کراچی: انٹر کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

556

کراچی (حماد حسین) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2020ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر انعام احمد نے بتایا کہ پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 25321 امیدواروں رجسٹرڈ ہوئے جبکہ 25297 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 99.91 فیصد رہا۔ میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات میں صرف ایک امیدوار رجسٹرڈ ہوا اور سی گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے اس سال امتحانات منعقد نہیں ہوئے بلکہ طلباء کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلباء کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبرز دیئے گئے ہیں ساتھ ہی بارہویں جماعت کے پرچوں میں تین فیصد اضافی نمبرز بھی دیئے گئے ہیں۔

ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020ء کے امتحانات میں 1631امیدوار اے ون گریڈ، 3534 اے گریڈ، 4309 بی گریڈ، 4165 سی گریڈ، 7624 ڈی گریڈ، 3965 ای گریڈ جبکہ 69امیدوار صرف پاس قرار پائے۔

یاد رہے کہ اس سال پروموشن پالیسی کے مطابق طلباء کو پوزیشنز نہیں دی گئی ہیں۔ نتائج اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ  www.biek.edu.pk  پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے مجموعی نمبرز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK    کے نام سے سرچ کرکے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔