کراچی سمیت سندھ بھر میں نرسری سے آٹھویں کلاسز کا آغاز

525

سندھ بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے.

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں 6 ماہ کے بعد نرسری سے آٹھویں جماعت کی کلاسوں کا آج سے آغاز ہوگیا ہے، تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد تعلیمی سرکرمیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے.

محکمہ تعلیم کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا، بیمار اساتذہ اور طلبا اسکول نہیں آئیں گے، بغیر ماسک کے بچوں کو اسکول میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی.

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کراچی کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد کرانے پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اسکول انتظامیہ بچوں کو زبردستی نہیں بلا سکتی، والدین، اساتذہ اور ہم مل کر سب کچھ بہتر کرسکتے ہیں جبکہ والدین بچوں کو اسکولز خود لینا چھوڑنا کریں تو بہتر ہوگا.

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 21 ستمبر سے ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن سندھ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے 28 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا.

یاد رہے کہ سندھ بھر میں نویں تا بارہویں جماعت تک تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو کھل چکے ہیں.