کراچی میں  امام مسجد پر قاتلانہ حملہ

645

کراچی میں نماز کے دوران پیش امام قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کےمطابق کراچی میں شاہ فیصل کالونی کی مقامی مسجد میں نامعلوم شخص نے پیش امام پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا،پیش امام پر حملہ کرنےوالے ملزم توقیر قریشی کو علاقہ مکینوں نے پکڑ لیا بعدازاں ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ قاری عبدالصمد کی مدعیت میں درج کرلیا گیاہے،امام مسجد پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ملزم کو سنت نماز کی ادائیگی کے دوران پیش امام پر حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ نمازیوں نے کس طرح حملہ آور کو پکڑا۔

دوسری جانب پولیس نے گرفتار ملزم سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے نمازیوں کے تشدد کے باعث حملہ آور شدید زخمی ہے،اس کے ہوش میں آنے کے بعد ہی بیان قلمبند کیا جائے گا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز مغرب کی فرض نماز کے بعد پیش آیا جس میں پیش امام معمولی زخمی ہوئے۔