طلال نے ن لیگ اور پوری سیاست کا سر شرم سے جھکادیا،چوہان

475

راولپنڈی (اے پی پی) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ طلال چودھری کی حرکت سے ملک کی تمام ن لیگ اور سیاسی قیادت کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، رات کے اندھیرے میں تنظیم سازی طلال چودھری کی ایجاد ہے، تنظیم سازی رات کو ہو تو آفٹر شاکس ہڈیاں ٹوٹنے کی صورت میں آتے ہیں، فریقین کی جانب سے عدم تعاون پر
15 جعلی کال قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مولانا فضل الرحمن نیب کو دھمکیاں دینے کے بجائے جو 40 سال میں کمایا اس کا حساب دیں۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلال چودھری کی تمام فوٹیج خاتون ایم این اے کے گھر کے اندر کی ہیں، سابق وزیر نے موجودہ ایم این اے کو ڈھٹائی کے ساتھ ہراساں کیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس واقعہ کی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے جس نے کام شروع کر دیا ہے، پولیس کو 15 پر دونوں طرف سے کالیں موصول ہوئی ہیں، اگر فریقین کی جانب سے تعاون نہ کیا گیا تو جعلی کال پر دونوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا اربوں، کھربوں روپے کے اثاثے سامنے آنے پر نیب کو دھمکیاں دے رہے ہیں، آصف زرداری نے بھی 4 سال قبل کہا تھا کہ کس کی ہمت جو مجھ پر ہاتھ ڈالے، آج وہیل چیئر اور لاٹھی پکڑ کر وہ نشان عبرت بنے ہوئے ہیں، فضل الرحمن غلط فہمی میں نہ رہیں، انہیں 40 سال میں جو کمایا اس کا حساب دینا پڑے گا،انہوں نے کہا کہ 50 لیگی ایم پی اے اداروں کے خلاف تقریر پر سخت ناراض ہیں۔