حکومتی ناکامی کے باوجود جمہوری نظام کا تسلسل چاہتے ہیں،جماعت اسلامی

180
میرپورخاص: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اسپرے مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر ناکام ہوتی نظر آتی ہے، مہنگائی بیروزگاری اور کرپشن اپنی انتہا پر ہے مگر جماعت اسلامی موجودہ پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنے اور جمہوری نظام کو تسلسل پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری نظام کو تسلسل کے ساتھ کام کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مچھر مار اسپرے مہم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہا کہ بھارت میں گئے پاکستانی ہندو یاتریو ں کے قتل کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، ناحق کسی بھی انسان کا خون بہانے کی دنیا کے کسی ملک کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق اس ناحق قتل کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر میرپورخاص جماعت اسلامی کے امیر حاجی نور الٰہی مغل، الخدمت فاونڈیشن کے صدر نادر خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن کی مچھرمار اسپرے مہم سے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والے مچھروں کے خاتمے میں مدد ملے گی، الخدمت فاونڈیشن ہمیشہ سے قدرتی آفات زلزلہ، بارشوں وبائی امراض کے موقع عوام کی بھرپور مدد اور خدمت کرتی رہی ہے۔