آل پارٹیز کانفرنس کے بعد حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، نفیسہ شاہ

290
بدین، پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ و دیگر پریس کانفرنس کررہے ہیں

بدین (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ عوام دشمن وفاقی حکومت کا مزید برقرار رہنا ملک، عوام، معیشت اور جمہوریت کے لیے تباہی سے کم نہیں، اس کے خاتمے کے لیے پیپلز پارٹی اور حزب اختلاف اسمبلیوں سے استعفے اور لانگ مارچ سمیت تمام آپشن پر عمل کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے گزشتہ روز دورہ بدین کے موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرہ، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ پیر نوراللہ قریشی، اراکین اسمبلی میر غلام علی تالپور، حنا دستگیر، تنزیلہ قنبرانی کے ہمراہ لواری شریف پیلس بدین میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سونامی حکومت کا طوفان عوام کے لیے کسی تباہی سے کم نہیں۔ سونامی حکمرانوں نے ملک اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، غربت، کورونا کے علاوہ آٹا، چینی اور تیل چوری کے اسکینڈلز کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ بلاول کی سربراہی میں ہونے والی کامیاب آل پارٹیز کانفرنس کے بعد حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ احتجاجی تحریک اور لانگ مارچ ہی ہماری جدوجہد کی کامیابی کا باعث بنے گی۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ بارش سے متاثرہ اضلاع تاحال زیر آب ہیں، سندھ حکومت اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ متاثرین کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے سرگرم ہے۔