میہڑ ،سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت پانی کیخلاف احتجاج

242

میہڑ (نمائندہ جسارت) ایس یو پی کی جانب سے میہڑ تحصیل میں رائس کینال اور اس سے نکلنے والی نہروں میں پانی کی قلت کیخلاف سکندر سوڈہر، شبر منگی، حاجی خان مارفانی، معشوق بھٹی اور دیگر کی قیادت میں میہڑ بائی پاس سے نیشنل پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے 3 کلو میٹر پیدل مارچ کیا اور میہڑ کے گھنٹہ گھر چوک پر تپتی دھوپ میں دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے گدھے پر آبپاشی افسران کے نام لکھ کر ان کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین میہڑ بائی پاس گاہی مہیسر روڈ، مین روڈ سمیت شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے نیشنل پریس کلب میہڑ پہنچے، جہاں پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میہڑ میں پانی کی شدید قلت ہے۔ رائس کینال اور اس سے نکلنے والی نہروں میں پانی نہیں، جس کے باعث چاول کی فصل کو نقصان ہورہا ہے، آبپاشی عملدار پیسوں کے عوض پانی فروخت کررہے ہیں، کسان پانی کے لیے پریشان ہیں، پانی کی وارہ بندی پر تنازعات روز کا معمول بن گئے ہیں، احتجاج کے باوجود آبپاشی عملدار نہروں میں پانی نہیں دے رہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ میہڑ میں رائس کینال اور اس سے نکلنے والی نہروں میں پانی پہنچا کر کسانوں کی بیچنی ختم کی جائے اور میہڑ سب ڈویژن میں مقرر کردہ پانی چور عملداروں کو ہٹایا جائے۔