حیدرآباد ہائی وے حادثہ، جاں بحق 15میں 6افراد کی شناخت ہوگئی

203

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے پر گزشتہ شب ہونے والے وین حادثے میں ہلاک ہونے والے 15 میں سے 6 افراد کی شناخت ہوگئی، باقی افراد کے ڈی این اے بھیج دیے گئے، ہلاک و زخمیوں کا تعلق حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد سے ہے۔ لطیف آباد پونے سات نمبر سے کراچی کے لیے روانہ مسافر وین لکی سیمنٹ کے قریب خوفناک حادثے کاشکار ہوگئی تھی۔ ہلاک شدگان میں سے لطیف آباد یونٹ نمبر 5 کے رہائشی 50 سالہ اسد خان، ثمینہ، ام حبیبہ سمیت اس گھر کے 5افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 3 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، ان میں 43 سالہ قمر بانو، 8 سالہ حسن، 32 سالہ ناصرشامل ہے۔ لطیف آباد نمبر 10 کے عرفان کی اہلیہ کا بھی تاحال کوئی پتا نہیں ہے عرفان شدید زخمی ہے جبکہ ان کی کمسن بیٹی مدیحہ جس کو انہوں نے وین کی کھڑکی سے باہر پھینک دیا تھا وہ معمولی زخمی ہے۔ زخمیوں میں 9افراد جن میں 50 سالہ صابر، 70 سالہ عبدالرشید، 2 سالہ نور فاطمہ، 2 سالہ علیزہ، 3 سالہ فائزہ، 17 سالہ اسفند، 30 سالہ عرفان ودیگر شامل ہیں جبکہ ایک کو کراچی روانہ کیا گیا۔ دیگر ہلاک شدگان کے ڈی این اے کرائے جارہے ہیں۔ سانحہ کے بعد لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں سوگ کا سماں ہوگیا، حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے گھروں پر بڑی تعداد میں لوگ پہنچ گئے۔ حادثے کے اسباب اور ذمے داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو مبینہ طور پر حادثے کا باعث بنے والی کار کو بھی تلاش کررہی ہے۔