جماعت اسلامی کا “حقوق کراچی مارچ مثالی اور منفرد قرار پایا

317

کراچی (تجزیہ: محمد انور ) جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام اتوار کو شاہراہ قائدین پر ہونے والے حقوق کراچی مارچ کا اجتماع اپنی نوعیت کا منفرد اور مثالی پروگرام ثابت ہوا جہاں کھل کر صرف کراچی کے حقوق کی بات کی گئی مگر یہ شو لسانیت سے پاک قرار پایا۔ خیال رہے ک گزشتہ تین دہائیوں کے دوران سیاسی جماعتیں کراچی کے مسائل کو صرف مہاجروں کے مسائل کے طرز پر پیش کرتی رہیں جس کے باعث ناصرف کراچی کی شناخت متاثر ہوئی بلکہ کراچی صرف مخصوص قوم کا شہر بن کر رہ گیا حالانکہ یہاں پنجابی‘ سندھی‘ بلوچ ‘ پختون سمیت دیگر بھی رہتے ہیں اور وہ تمام ضروری سہولیات حاصل کرتے ہیں جو دیگر کو حاصل ہوتی ہیں۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج جماعت اسلامی نے اس شہر میں لسانی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہاں کوئی کسی لسانی بنیاد پر نہیں ڈرائے گا‘ یہاں اس بنیاد پر سیاست نہیں ہوگی۔ یادرہے کہ مارچ میں تمام قوموں کی نمائندگی موجود تھی۔