صحابہ کرام اور اہل بیت کا احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، سنی رابطہ کونسل

198

 

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) میرواہ گورچانی میں عظیم الشان عظمت صحابہؓ و عظمت اہل بیت کانفرنس کا انعقاد، صحابہ کرامؓ کی بدولت دین اسلام دنیا کے کونے کونے تک پہنچا، صحابہ کرامؓ و اہل بیت کا احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے، صحابہ کرامؓ و اہل بیت کی گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پروفیسر علامہ عبدالصمد حیدری ۔سنی رابطہ کونسل میرواہ گورچانی کے زیر اہتمام مکی مسجد اڈے والی میں عظیم الشان عظمت صحابہؓ و عظمت اہل بیت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حیدر آباد کے ممتاز عالم دین و مذہبی اسکالر پروفیسر علامہ عبدالصمد حیدری نے کہا کہ صحابہ کرامؓ و اہل بیت کا احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انبیا کرامؑ کے بعد سب سے مقدس جماعت صحابہ کرامؓ کی ہے جن کی بدولت دین اسلام دنیا کے کونے کونے تک پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک پاکستان جس کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی میں صحابہ کرامؓ و اہل بیت کی شان اقدس میں سر عام گستاخیاں کی جارہی ہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان صحابہؓ و اہل بیت ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھیں، ہمارا ماضی شہادتوں سے بھرا پڑا ہے، پاکستان کا ہر کلمہ گو حرمت صحابہؓ و اہل بیت پر جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔ ضلعی رہنما قاری عبدالرشید نے کہا کہ اسلام دشمن و پاکستان دشمن عناصر کی جانب سے ضلع میرپور خاص کے مختلف شہروں میں صحابہ کرامؓ و اہل بیت کی شان اقدس میں گستاخیاں کی گئی ہیں جو کہ ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے کی سازش ہے، جسے عاشقانِ صحابہؓ و اہل بیت کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گستاخ صحابہؓ و اہل بیت کیخلاف فی الفور مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اس موقع پر مولانا زاہد حسین، مولانا احسان الحق، مولانا محمد سلیم حقانی، مولانا خادم حسین نوحانی اور دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں میرپو خاص، ڈگری، جھڈو، کوٹ غلام محمد اور دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں عاشقانِ صحابہ کرامؓ و اہل بیت نے شرکت کی۔ کانفرنس کے آخر میں سنی رابطہ کونسل تعلقہ شجاع آباد کے رہنما مولانا خادم حسین نوحانی نے کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔