دھابیجی : مختلف علاقوں کے مکینوں کا پانی کی بندش کیخلاف احتجاج

136

 

دھابیجی (نمائندہ جسارت) یوسی دھابیجی کے علاقے شیخ عبدالمجید سندھی کالونی، ماڈل ٹاؤن، بلال نگر، راجپوت محلہ سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی ماہ سے پینے کے پانی کی بندش کیخلاف انسانی حقو ق تنظیم کے وائس چیئرمین شوکت منگی، ایس ٹی پی رہنما اللہ بچایو بلوچ، منٹھار علی رند، عبدالکریم پنہور، فیض محمد ملاح اور وارث رند کی قیادت میں علاقہ مکینوں نے پریس کلب دھابیجی تک احتجاجی ریلی نکالی اور پبلک ہیلتھ انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بتایا کہ پبلک ہیلتھ انتظامیہ کے افسران ساجد ملاح اور نصیر جوکھیو کی ملی بھگت سے ماڈل ٹاؤن کے قریب شہریوں کے پینے کے پانی کی مین لائن سے متعدد فارم ہاؤس اور زرعی زمینوں کو غیرقانونی کنکشن دیے گئے ہیں جن سے پبلک ہیلتھ انتظامیہ ماہانہ لاکھوں روپے بھتا وصول کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اور اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو سلیم میمن کے احکامات پر متعدد پانی کے غیر قانونی کنکشن کاٹے گئے تھے لیکن پبلک ہیلتھ کے عملے کی جانب سے مبینہ بھاری رشوت کے عوض تمام غیر قاتونی کنکشن دوبارہ لگا دیے گئے ہیں جس کے باعث پریشر نہ ہونے سے پانی گھروں میں پہنچ ہی نہیں پاتا ہے۔ مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پینے کے پانی کی مین لائن سے دیے گئے غیر قانونی کنکشن منقطع کیے جائیں اور پبلک ہیلتھ کے بدعنوان افسران کو برطرف کرکے ایماندار افسران مقرر کیے جائیں تاکہ علاقے میں جاری پانی کا بحران ختم ہوسکے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور تمام تر نقصان کی ذمے داری پبلک ہیلتھ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔