میرپور خاص:بلدیاتی اداروں کی نااہلی کئی علاقے جوہڑ میں تبدیل

149

 

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) بلدیاتی اداروں کی نااہلی اور مجرمانہ دانستہ غفلت اور بدترین کرپشن نے میرپور خاص کو کچرا کنڈی اور جوہڑ میں تبدیل کردیا ہے، حمید پورہ کالونی، بسم اللہ مسجد سمیت پورے شہر میں عوام کے لیے پیدل چلنا دشوار ہوگیا ہے، صفائی، ستھرائی کی بدترین صورتجال اور دھول مٹی کے سبب عوام کے ملیریا، سانس اور دمہ جیسی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپور خاص حاجی نور الٰہی مغل نے حمید پورہ کالونی، بسم اللہ مسجد، رابعہ بصری اسکول سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی بدترین صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نور الٰہی مغل نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر کیساتھ سوتیلے پن کا سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ لگتا ہے کہ سیکڑوں سینیٹری ورکرز اور انسپکٹرز پر مشتمل بلدیہ کا عملہ صرف وی آئی پیز کی ڈیوٹی پر ہی مامور ہے، باقی شہر اور عام شہریوں کو دوسرے درجے کا شہری تصور کرکے صفائی ستھرائی کے حوالے سے ناروا سلوک برتا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی بلدیاتی اداروں کی اس مجرمانہ روش کی شدید مذمت کرتی اور باور کراتی ہے کہ عوام پر مسلط حکمران اور بلدیہ حکام اپنی اس روش کو تبدیل کریں، بصورت دیگر عوام کا غصہ، غیض وغضب میں تبدیل ہوکر کسی عوامی تحریک میں تبدیل ہوسکتا ہے۔