متاثرین کو بارش نے نہیں سیم نالوں نے ڈبویا، اسد اللہ بھٹو

143

جھڈو (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن جھڈو کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقے دیہہ 264،202، ٹیڈی موری اور روشن آباد کے 150سیلاب متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے متاثرین برسات میں راشن بیگ تقسیم کیے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماء محمد افضال آرائیں، عبدالقدوس احمدانی، راشد آرائیں اور الخدمت فاؤنڈیشن جھڈو کے صدر اظہر جمیل آرائیں بھی موجود تھے۔ متاثرین برسات سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ متاثرین کے لیے یہ انتہائی مشکل اور صبر آزما مرحلہ ہے، مشکل کی اس گھڑی میں الخدمت اپنی بساط کے مطابق متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کررہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے سنجیدگی کے ساتھ مستقل بنیادوں پر پالیسی بنائے۔ متاثرین کو بارش نے نہیں بلکہ سیم نالوں نے ڈبویا ہے، سیم نالوں میں اگر اربوں روپے کی کرپشن نہ کی جاتی اور اسے صحیح ڈیزائن کیا جاتا تو لوگ نہ ڈوبتے۔ اسد اللہ بھٹو نے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ایل بی او ڈی کے سیم نالوں میں ہونے والی کرپشن کا نوٹس لے کر ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔