ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں ،اکرم جٹ

277

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی سینئر نائب صدر محمد اکر م جٹ نے حکومت کی جانب سے ادویہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام سے دو وقت کی روٹی چھیننے کے در پے ہے، حکومت آئے روز آٹا، چینی، گھی، دالیں یہاں تک کہ زندگی بچانے والی ادویہ مہنگی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے غریب عوام کا گلاگھونٹنے میں مصروف ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کے افراد معاشی بدحالی کے ہاتھوں اس قدر پریشان ہیں کہ ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، مہنگائی کے اس دور میں غربت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو پھر نوبت خودکشیوں تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت پر تنقید کرنے والے اب بتائیں کہ آج ڈالر ، سونا، پیٹرول، آٹا،چینی، گھی، گوشت، دالیں ، ادویہ کس قیمت پر لوگوں کو مل رہی ہے اور غریب عوام کس طرح زندگی گزار رہے ہیں، عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کیا تھا آج تک کتنے لوگوں کو نوکریاں دی ہیں۔