بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل پر عالمی عدالت جائینگے، رمیش کمار

232

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہا ہے کہ بھارت میں 11 ہندوؤں کے قتل کے معاملے پر پاکستان ہندو کونسل لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے عالمی عدالت انصاف جائے گی۔ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارت میں پْراسرار طور پر ہلاک ہونے والے ہندو خاندان کی پاکستان میں موجود واحد رشتے دار خاتون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارتی ایجنسی را پاکستان سے بھارت جانے والے ہندوؤں کو جاسوسی کے لیے استعمال کرتی ہے اگر کوئی انکار کرے تو ان 11 لوگوں کی طرح انہیں وہاں بلا کر قتل کردیا جاتا ہے۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش نے اعلان کیا کہ لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے پاکستان ہندو کونسل جلد عدالت عظمیٰ میں بھی پٹیشن دائر کی کرے گی اور عالمی
عدالت انصاف کا دروازہ بھی کھٹکھٹائے گی۔اس موقع پر بھارت میں قتل ہونے والے 11 ہندوؤں کی واحد رشتے دار خاتون شری متی مکھی نے کہا کہ اگر انصاف نہ ملا تو وہ خود سوزی کرلیں گی۔ خاتون نے مزید کہا کہ انہیں بتایا جائے 11 کو تو قتل کردیا گیا باقی جو 5 وہاں ابھی موجود ہیں وہ کس حال میں ہیں کہیں ان کو بھی قتل نہ کردیا جائے۔پریس کانفرنس کے دوران ہندو برادری نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی آر کی کاپی، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پاکستان ہائی کمیشن دہلی کو ساری معلومات تک رسائی دی جائے۔ بھارت کا ظلم آشکار کرنے کے لیے امریکا و یورپ میں بھی آواز اٹھائیں گے۔