سعودی اور پاکستانی شہریوں نےسمندر کی تہ میں یوم الوطنی منایا

180

سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی اور پاکستانی شہریوں نے مل کر سمندر کی تہ میں یوم الوطنی منایا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو اجاگر کرنے کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں یوم الوطنی کے سلسلے میں مملکت بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر پاکستانی شہریوں یحییٰ اشفاق، عمر جان، حسن بخش اور سعودی شہریوں بندر رجب، علا الرشیدی نے جدہ کے قریب سمندر کی گہرائی میں جاکر یوم الوطنی کو منفرد انداز میں منایا۔ سعودی عرب کے قومی لباس میں پاکستانی اور سعودی شہریوں نے جہاں پاک سعودی تعلقات کو اجاگر کیا، وہیں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کی خدمات کو بھی سراہا۔ ٹیم لیڈر یحییٰ اشفاق نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برس سے پاکستان کے قومی دن کے علاوہ سعودی قومی دن کو بھی منانے کے لیے سمندر کی گہرائی میں جاکر منفرد انداز اپناتے ہیں جسے دونوں ممالک کے شہری پسند کرتے ہیں۔