فرینکفرٹ میں مرزا راحیل بیگ کی کتاب کی رونمائی

262

معروف و صحافی وکالم نگار مرزا راحیل بیگ کی کتاب کتاب (کالم کہانی) کی تقریب رونمائی فرینکفرٹ کے ایک مقامی ہال میں منعقد ہوئی جس میں جرمنی بھر سے ادبیوں، صحافیوں اور دانشوروں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور قونصل جنرل فرینکفرٹ زاہد حسین تھے۔ اس تقریب کی صدارت جرمن پریس کلب جرمنی کے صدر سلیم پرویز بٹ نے کی۔ تقریب کے آرگنائزر سینئر صحافی اور سیکرٹری جرمن پریس کلب شبیر احمد کھوکھر تھے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم پیش کی گئی۔ مہمانان گرامی میں ہیمبرگ سے معروف روحانی سکالر اور شاعرہ طاہرہ رباب اور معروف شاعر ارشاد علی شاہ تھے۔ نظامت کے فرائض طاہرہ رباب نے ادا کیئے بعدازاں اپنے کلام سے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے کتاب کے مصنف مرزا روحیل بیگ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کالم کہانی میں موجود کالموں خاص طور پر بھارت سے متعلق اور بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق لکھے گئے کالموں کو بے حد سراہا اور کہا کہ ایسے موضوعات میرے دل کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور جرمنی کے حوالے سے لکھے گیے کالموں کو بےحد پسند کیا اور کہا کہ کالم کہانی ریاست پاکستان کو جرمنی کے ساتھ مضبوط تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کی تجاویز پیش کرتی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کالم کہانی ایک ایسا خوبصورت تحفہ ہے کہ اس کا انگلش اور جرمن زبان میں ترجمہ ہونا چاہیئے۔ تقریب رونمائی میں برلن سے چیئرمیں جرمن پریس کلب ظہور احمد، تحریک انصاف جرمنی کے صدر طارق محمود، سینیئر صحافی مطیع اللہ۔ فرینکفرٹ سے تحریک انصاف جرمنی کے سینیئر نائب صدر رانا محمد وسیم، صحافی شیراز گیلانی، اپنا دیسی ریڈیو کے روح رواں راجہ اظہر کیانی، راجہ ناصر، سید وجیہ الحسن، ہینوور سے اظہر ساہی، ہیمبرگ سے شہزاد علوی، ڈاکٹر عمر سمیت دوسری اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے طارق جاوید، رانا وسیم اور اظہر ساہی اور سید وجیہ الحسن نے بھی خطاب کیا اور کالم کہانی پر روشنی ڈالی۔ کمیونٹی کی ادبی و سیاسی شخصیات نے کالم کہانی کی تقریب رونمائی میں شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ تقریب کے آخر میں صدر جرمن پریس کلب جرمنی سلیم پروز بٹ نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے لیئے ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔