بلدیاتی اداروں میں تنخواہیں دی جائیں

181

آل سندھ لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر غلام محمد قریشی، سیکرٹری شکیل احمد شیخ، اسماعیل شاہ اور دیگر رہنمائوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی سبکدوشی اور ایڈ منسٹریٹر کے تعین کے بعد سندھ بھر کے اکثر بلدیاتی اداروں میں محنت کشوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے نتیجے میں محنت کشوں کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ چکی ہے اور حکومت نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ چند ایام کے بعد ایڈمنسٹریٹر کی تبدیلی کے نتیجے میں اکثر بلدیاتی اداروں کو نظام اور روزمرہ کے امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں جس کے نتیجے میں شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ ان رہنمائوں نے وزیر بلدیات سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں محنت کشوں کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان رہنمائوں نے سندھ کے بلدیاتی اداروں کے محنت کشوں سے اپیل کہ ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے آل سندھ لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کے پرچم تلے جمع ہو جائیں۔