حقوق کراچی مارچ عوام کی آواز ثابت ہوا ہے،عبدالجمیل خان

421

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دلائے گی ۔کراچی سے غیروں کے ساتھ اپنوں نے بھی بہت ظلم کیا ہے۔ کراچی کے عوام نے بے داری کاعملی ثبوت فراہم کیا ہے ۔حقوق کراچی مارچ عوام کے دلوں کی آواز ثابت ہوا ہے ۔یہ بات جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان نے لانڈھی کورنگی سے نکالی جانے والی عظیم الشان حقوق کراچی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ریلی میں نائب امرا عاشق علی خان ،مرزا فرحان بیگ ،سید اقبال سعید،ناظمین علاقہ جات مرزا نعمان بیگ ،محمد شفیق ،عبدالحفیظ ،نویداختر ،محمد شعیب صدیقی ،منصور فیروزودیگر ذمے داران بھی شریک تھے ۔عبدالجمیل خان نے کہاکہ شہر کراچی جو کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور منی پاکستان ہے لیکن یہاں عصبیت کے بتوں کو پروان چڑھایا گیا اورلاشوں کی سیاست کی گئی۔آج پی ٹی آئی کی 14 قومی اسمبلی کی نشستیں ہیں ۔صدر بھی ان کا ،وزیراعظم ،گورنر بھی ان کا لیکن ایک دھیلا بھی کراچی پر نہیں لگایا جا رہا ہے اور مفادات کی سیاست کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حقوق کراچی مارچ کے ذریعے کراچی کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور ہم اب اس شہر پر مزید ظلم وستم نہیں برداشت کریںگے اور کوٹا سسٹم ،بلدیاتی ایکٹ کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلائے جائے گی۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ کراچی کے عوام کو میدان میں نکلنا ہوگا اور اپنے حقوق کے لیے حکمرانوں سے پنجہ آزمائی کرنا ہوگی۔