کراچی شکوہ کناں ہے‬ روبینہ اعجاز۔کراچی

228

پاکستان کا ایک بڑاشہر ۔سندھ کا دارالخلافہ اور دنیا کا چھٹابڑا شہر کراچی ۔جس کی حیثیت پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی سی ہے ۔پھر اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ کراچی تجارتی۔صنعتی اور تعلیمی لحاظ سے پاکستان میں سب سے زیادہ آگے ہے۔کراچی کا ہوائی اڈا اور بندرگاہ ملک میں سب سے بڑی ہیں۔کراچی کی زمین ناصرف رقبے کے حساب سے وسیع ہے بلکہ اس کے اندر اتنی وسعت ہے کہ یہاں ہر قومیت ہر زبان ہر نسل ہر پیشے کے لوگ آکر آباد ہوئے اور اس نے ان کو پناہ دی کراچی سب کو سہارا دینے والا روزی مہیاکرنے والا شہر ہے۔
ماضی میں کراچی کو روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا۔یہاں کی سڑکیں صاف ستھری اور کشادہ تھیں۔یہ ایک پررونق اور پرسکون شہر تھا ۔مگر اب کچھ برسوںسے یہاں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔روشنیوں کے شہر میں اندھیروں کا راج ہے۔شہر کی یہ حالت زار ہے کہ معمول سے زیادہ بارشوں میں یہاں کی تمام سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں ۔پورا شہر ندی نالوں کی شکل میں تبدیل ہو جاتا ہے۔یہاں کا سکون بے سکونی میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ گلی محلوں میں چھینا جھپٹی اور مختلف وارداتیں ہوتی ہیں چوری۔ڈاکہ زنی سے یہاں کے شہری پریشان ہیں۔جا بجا گندگی کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔سو یہ ایک گندہ اور غیر محفوظ شہر بن چکا ہے۔یہاں تک کہ باغات کو ختم کر کے رہائشی علاقے بنا دیے گئے ہیں۔آبادی بڑھتی جارہی ہے اور وسائل کم ہوتے جارہے ہیں۔شہر میں درختوں کی کمی کی وجہ سے ہریالی بہت کم نظر آتی ہے۔ سرکاری اسپتال۔سرکاری یونیورسٹیاں یہاں کی آبادی کے لحاظ سے کم ہیں ۔لہٰذا نجی تعلیمی ادارے اور اسپتال قائم کیے گئے ہیں جس میں یہاں کے شہری بھاری رقم ادا کرتے ہیں۔آخر کراچی کےساتھ یہ نا انصافی کب تک ہوتی رہے گی۔اس کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ کیوں اپنایا جا رہا ہے۔
ان ابتر حالات میں شہر پکار پکار کر کہہ رہا ہے۔وہ شکوہ کناں ہے کہ
کس سے دل کی بات کرو ں کون سننے والا ہے
یہاں تو جھوٹی اناؤں نے قد نکالا ہے
آخر کب تک یہاں کی پڑھی لکھی۔باشعور عوام خاموشی سے یہ تماشہ دیکھتے رہیں گے ۔ حق کے لیے آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے کہ کراچی کو اس کا حق دیں۔ اس کو پہلے جیساپر سکون۔ شہر بنا ئیں۔ یہاں کے عوام کو ہر طرح کی سہولیات دیں۔
یہاں کے عوام کو بھی سمجھ جانا چاہیے کہ ہمارے لیےکون بہتر ہے کون ہمارے برے وقت میں ساتھ

دیتا ہے ۔ کون ہماری مشکلوں کو آسان کرتا ہے۔
مستقبل میں شہر کی بہتری کیلئے ابھی سےلانحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ پہلے جیسا شہر بن جائے۔